سعودیہ پر ایرانی حملے غیر ضروری ہیں جو کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں،کور کمانڈر کانفرنس

کور کمانڈر کانفرنس نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس حملوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں کو غیر ضروری اور کشیدگی میں اضافہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب پر حملے مشرق وسطی کا تنازع حل کرنے کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرأت، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔