وائس چانسلرز کی تقرری میں گورنر کا براہ راست کوئی عمل دخل نہیں، وزیراطلاعات پنجاب لاہور: پنجاب کی وزیراطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جاری ہے اور اس عمل میں گورنر کا براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہے۔وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے صوبے کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے حوالے سے گورنر پنجاب سلیم حیدر اور حکومت پنجاب کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے پیش نظر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سات بڑی جامعات کے وائس چانسلرز کا تقرر پہلے مرحلے میں مکمل ہوگیا ہے، دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری بھی مرحلہ وار مکمل کر لی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سرچ کمیٹی بنائی گئی تھی اور اس کمیٹی نے وائس چانسلرز کے امیدواروں کو شاٹ لسٹ کیا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ گورنر پنجاب کا وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل سے براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہے، وہ حکومت کی بھیجی ہوئی سمری پر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔گورنر پنجاب سلیم حیدر کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا رویہ سمجھ سے بالا تر ہے، جلد ہی باقی وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل بھی میرٹ پر مکمل کر لیا جائے گا۔ Read more
پاک فوج دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنادے گی، آرمی چیف راولپنڈی: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنادے گی، خیبرپختونخوا پولیس کو تکنیکی معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ان کی تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کی تاکہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائی۔ آرمی چیف نے ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج خیبر پختونخوا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی مدد اور مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے عوام کے امن کے قیام اور جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔انہوں ںے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث حمایت اور پاکستان آرمی کے ساتھ تعاون پر اظہار تشکر کیا۔وانا پہنچنے پر آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ Read more