آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال فیصلہ کن موڑ پر، پی پی پی کا مطلوبہ نمبر پورے ہونے کا دعویٰ

اسلام آباد:آزاد کشمیر کی سیاست میں جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے نئی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد پوری ہونے کا دعویٰ کردیا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاسی صورت حال فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کر دیا اور فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ڈنر بھی دیا جائے گا، جس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں اور بیرسٹر سلطان گروپ کے ارکان شریک ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر سلطان کے دھڑے نے زرداری ہاؤس میں فریال تالپور کے ساتھ ملاقات میں ووٹ کی یقین دہانی کرادی ہے، بیرسٹر گروپ کے 5 اور مہاجرین نشستوں کے 5 ارکان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ 30 سے زائد ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں، دو ارکان کی حمایت خفیہ رکھی گئی ہے اور دونوں دھڑوں کی شمولیت کے بعد 30 سے زائد ارکان کا ساتھ حاصل ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی آج پاور شو کے ذریعے اپنی عددی برتری ثابت کرے گی اور اسلام آباد میں دیا جانے والا ڈنر سیاسی طاقت کے مظاہرے میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔