بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں اضافہ، گزشتہ سال 7 لاکھ 62 ہزار پاکستانی چلے گئے

اسلام آباد:بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ سال 7 لاکھ 62 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے جن میں 18 ہزار اعلیٰ تعلیم و تربیت یافتہ ڈاکٹرز، انجینئرز، مینجرز، نرسز اور کمپیوٹر اینالسٹ بھی شامل ہیں۔بیورو آف امیگریشن نے بیرون ملک جانے والے پاکستانی کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق گزشتہ سال 7لاکھ 62ہزار 499پاکستانی ملازمت کیلئے بیرون ملک گئے، سال 2024ء کی بہ نسبت گزشتہ سال 35 ہزار زیادہ پاکستانی بیرون ملک گئے۔سعودی عرب کی جانب سے سب سے زیادہ ورک ویزوں کا اجراء کیا گیا، سعودی عرب نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 78ہزار زائد زیادہ ویزے جاری کیے، سب سے زیادہ 5 لاکھ 30 ہزار پاکستانی ملازمت کیلئے سعودی عرب گئے۔یو اے ای نے 52 ہزار 664 پاکستانیوں کو ورک ویزا جاری کیا، 68ہزار 376پاکستانی قطر،37ہزار سے زائد بحرین گئے، 9ہزار375عمان ،6ہزار 590پاکستانی ملازمت کیلئے کویت گئے۔اسی طرح 3ہزار 609پاکستانی ورک ویزا پرملائشیا ،2 ہزار 230 چین گئے، 6ہزار سے زائد پاکستانی ورک ویزوں پرعراق ،4ہزار 355برطانیہ گئے، 5ہزار 288پاکستانی ترکیہ ،1ہزار پاکستانی ورک ویزوں پر امریکا گئے۔مجموعی طور پر گزشتہ سال 54سے زائد ممالک میں پاکستانی سمندر پار ملازمت کے لیے گئے۔کون کون سے پیشے کے لوگ باہر گئے؟گزشتہ سال باہر جانے والے 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانیوں میں 18ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ ،13 ہزار 657 اعلی تربیت یافتہ پاکستانی شامل تھے۔ بیرون ملک جانے والوں میں 2 لاکھ 22 ہزار 171 تربیت یافتہ، 4لاکھ 66 ہزار غیر تربیت یافتہ پاکستانی بھی شامل تھے۔اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد میں سے 3ہزار 795 ڈاکٹرز، 5ہزار 946انجینئرز، 5ہزار659 اکاؤنٹنٹ، 11ہزار پاکستانی منیجرز، 16سو نرسز، 15سو کمپیوٹر اینالسٹ شامل تھے۔اسی طرح 1ہزار 725 اساتذہ، 14ہزار سے زائد سپروائز ، 6ہزار سے زائد آپریٹر بیرون ملک گئے۔ان سات لاکھ افراد میں 4 لاکھ 65 ہزار پاکستانی مزدور تھے اور 1لاکھ 63 ہزار ڈرائیور شامل ہیں۔کس صوبے سے سب سے زیادہ افراد گئے؟صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے 3 لاکھ 93 ہزار، خیبر پختونخوا سے 2 لاکھ 27 ہزار، سندھ سے 58 ہزار 733، بلوچستان سے 5 ہزار، آزاد کشمیر سے ساڑھے 27 ہزار، قبائلی علاقوں سے ساڑھے 39 ہزار، وفاقی دارالحکومت سے 8 ہزار اور شمالی علاقہ جات سے 1 ہزار 600 پاکستانی ملازمت کیلئے بیرون ملک گئے۔واضح رہے کہ 2023ء میں 8 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانی کام کی تلا ش میں بیرون ملک گئے تھے، 2024ء میں اس تعداد میں 15 فیصد کمی آئی تھی اور 7 لاکھ سے زائد پاکستانی ملازمتوں کے لیے بیرون ملک گئے تاہم 2025ء میں اس تعداد میں 35 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے۔