کراچی: عمارت کی بالکونی گرنے کے نتیجے میں بیٹی جاں بحق والدہ شدید زخمی

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں عمارت کی بالکونی گرنے کے نتیجے میں بیٹی جاں بحق جبکہ والدہ شدید زخمی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں رہائشی عمارت کی بالکونی گرنے سے نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی جبکہ متوفیہ کی والدہ شدید زخمی ہوگئی۔متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 17 سالہ مریم دختر ندیم کے نام سے کی گئی جبکہ متوفیہ کی والدہ 43 سمیرا کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی میں رہائش پذیر مسلم لیگ ن کی رہنما شہناز اختر نے بتایا کہ افسوسناک واقعہ شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن گلی نمبر 6 میں قائم رہائش 5 منزلہ عمارت کی دوسری منزل کی بالکونی گرنے باعث پیش آیا ہے جبکہ متاثرہ خاندان کرایے کے فلیٹ میں رہائش پذیر ہے۔ہیڈ محرر تھانہ شاہ فیصل کالونی عثمان شاکر نے بتایا کہ واقعہ اتفاقیہ طور پر بالکونی گرنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ تاہم، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔