سیلاب کا خطرہ، سندھ حکومت نے اقدامات شروع کردیے

سندھ میں سیلاب کے خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تیاریاں شروع کرتے ہوئے وزرا کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔ صوبائی وزرا کو فوکل پرسن مقرر کرنے کی وزیراعلیٰ سندھ نے منظوری دی جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر گیا۔پنجاب میں جاری سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے دریائے سندھ کے ساتھ موجود اضلاع میں ممکنہ خطرات کی نگرانی اور ان کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزراء کو فوکل پرسن نامزد کیا ہے۔وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری حکم نامے کے مطابق نامزد وزراء اپنے اپنے دائرۂ اختیار میں دریا کے دائیں اور بائیں کنارے کی نگرانی کریں گے۔گڈو سے سکھر تک کے علاقے کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر مکیش کمار چاؤلہ کو دائیں کنارے جبکہ زراعت، کھیل اور امورِ نوجوانان کے وزیر سردار محمد بخش مہر کو بائیں کنارے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح سکھر سے کوٹری تک کے لیے صنعت و تجارت کے وزیر جام اکرام اللہ خان دھاریجو دائیں کنارے جبکہ توانائی و منصوبہ بندی کے وزیر سید ناصر حسین شاہ بائیں کنارے کی نگرانی کریں گے۔کوٹری سے نیچے کے علاقے میں مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر کے وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی کو دائیں کنارے جبکہ لائیو اسٹاک اور فشریز کے وزیر محمد علی ملکانی کو بائیں کنارے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین (ایم پی ایز) جو دریائے سندھ کے ساتھ موجود اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، وہ آئندہ ایک ہفتے کے لیے اپنے حلقوں میں موجود اور نامزد فوکل پرسنز سے قریبی رابطے میں رہیں۔نامزد وزرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محکمہ آبپاشی سندھ کے ساتھ مل کر سیلاب کے خطرات کا جائزہ لیں اور دریا کے پشتوں کے تحفظ اور نگرانی کے لیے ایم پی ایز کو شامل کریں۔