کراچی:ہاکس بے پر پکنک منانے والے تین نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ایک جاں بحق ہوگیا، دوسرے کو بچالیا گیا تیسرا لاپتا ہوگیا۔ہاکس بے منوڑہ پوائنٹ کے قریب پکنک منانے آنے والے 3 نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے جس کی اطلاع ملتے ہی ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ایک نوجوان ڈوبنے سے بچاتے ہوئے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش بھی نکال لی جبکہ ایک نوجوان سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش کا آپریشن رات ہونے کی وجہ سے وقتی طور پر روک دیا گیا جس آج صبح اتوار کو دوبارہ شروع کیا جائیگا۔اس حوالے سے ماڑی پور تھانے کے ہیڈ محرر خالد نے بتایا کہ ڈوب کر جاں بحق ہوئےایک شخص کی شناخت 17 سالہ بلال کے نام سے کی گئی جبکہ 18 سالہ ذیشان کو سمندر سے ڈوبنے سے بچا لیا گیا جبکہ ایک نوجوان 20 سالہ شہاب سمندر میں ڈوبنے سے لاپتا ہے جسے ریسکیو کے رضا کار تلاش کر رہے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ ہفتے کی دوپہر ناظم آباد کے رہائشی کچھ دوست پکنک منانے کے لیے ہاکس بے منوڑہ روڈ ہٹ نمبر این 43 کے سامنے سمندر میں نہا رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ ان کے ساتھ پیش آیا تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔