باجوڑ اور بونیر میں سیلابی صورتحال، ریسکیو کیلیے کے پی حکومت کے 2ہیلی کاپٹر روانہ

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر مکانات کی چھتوں پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے صوبائی حکومت کا چھوٹا ہیلی کاپٹر فوری طور پر بونیر روانہ کر دیا گیا۔ترجمان وزیراعلیٰ کے پی کے مطابق صوبائی حکومت کے بڑے ہیلی کاپٹر ایم آی 17 کو باجوڑ میں ریسکیو کے لیے بھیجا گیا ہے، صوبائی حکومت کے پاس صرف یہ دو ہی ہیلی کاپٹر ہیں جو ریسکیو سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔وزیر اعلی نے موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ تمام متعلقہ حکام، ڈویژنل انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور صوبہ بھر کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ سے صورتحال سے متعلق رپورٹ لے رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ بونیر میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے کمشنر ملاکنڈ اور ڈی سی بونیر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔