سیاسی جماعتیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر اہم ترامیم کیلئے سرجوڑیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنےاختلافات کو پس پشت ڈال کر اہم ترامیم کیلئے سرجوڑیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد آج ریٹائر ہو رہے ہیں، انھوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو لے کر جو تاریخی اسٹینڈ لیا اس سے ان کی عزت و تکریم میں بہت اضافہ ہوا، ایسے وقت میں جب ہندوستان کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے، جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے دئیے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اس سال سپریم کورٹ میں 5 ججز ریٹائر ہو رہے ہیں، پارلیمان کو نئے ججز کی تعیناتی کیلئےآئینی ترمیم پر غور کرنا چاہئے، اگر پارلیمان سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کو آزادانہ اور شفاف بناتی ہے تو یہ بہت بڑا کام ہوگا، سیاسی جماعتیں اپنےاختلافات کو پس پشت ڈال کر اس اہم ترمیم کیلئے سرجوڑیں۔