ایرانی سفیر ایران-امریکا مذاکرات میں پاکستان کی کوششوں کے معترف

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستانی قیادت کی انتھک محنت اور کوششوں کو سراہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ بین الاقوامی ہم آہنگی کیلئے تمام سفارت کار امن کے معمار ہوتے ہیں۔ جن پر بین الاقوامی تعلقات کی نازک پیچیدگیوں کو بات چیت، ہمدردی اور افہام و تفہیم کے صبر آزما ہنر کے ذریعے نیویگیٹ کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جناب وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، عزت مآب نائب وزیر اعظم اور ان کے ساتھ ساتھ پاکستان کی وزارت خارجہ کے تجربہ کار، قابل اور کیریئر ڈپلومیٹس کو اپنی مخلصانہ اور دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں، جنہوں نے مذاکرات سے قبل ہی انتھک کوششوں سے سہولیات فراہم کیں، ہم آہنگی پیدا کرنے اور باریک بینی سے بات چیت کے لیے خود کو تیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کوششیں سیاسی ارادے اور اصولی عزم کو عملی راستے اور کسی بھی سفارتی عمل کی شکل اختیار کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ ۔
رضا امیری نے کہا کہ پاکستان کی مذاکرات میں کوششیں حقیقی معنوں میں سفارت کاری کہلاتی ہیں۔ یہ محض الفاظ نہیں ہیں، بلکہ خاموش مسلسل محنت جو مکالمے کو ممکن اور امن کو ممکن بناتی ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ہم پاکستانی قیادت کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم اور گہری بصیرت کے شکرگزار ہیں۔