تحریکِ تحفظِ آئین کی عمران خان کو اہلخانہ کے بغیر طبی معائنہ کیلیے اسپتال لے جانے کی مذمت

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے عمران خان کو ذاتی معالجین اور اہلِ خانہ کی عدم موجودگی میں طبی معائنہ کے لیے پمز اسپتال لے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ آئینِ پاکستان کے تحت فراہم کردہ قانونی و آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی شہری، خصوصاً ایک سابق وزیراعظم کو اس کے معالجین اور خاندان سے محروم رکھ کر اس نوعیت کا عمل کرنا قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوتا ہے کہ ریاست میں آئین و قانون ختم ہو چکا ہے۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین کو فوری طور پر ان کے ذاتی معالجین اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی مکمل اور بلا رکاوٹ اجازت دی جائے تاکہ ان کی صحت اور قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔