پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار بسم اللہ ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 22 سالہ مزمل کے نام سے کی گئی ہے۔
ہیڈ محرر تھانہ پاک کالونی زبیر کے مطابق موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ایس ایچ او پاک کالونی فیصل گل کے مطابق فائرنگ لیاری گینگ وار کے کاشف ڈاڈا گروپ کے کارندوں نے کی۔ نوجوان کے جسم پر متعدد گولیاں لگی تھیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 6 خول ملے ہیں، تاہم فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ پولیس مقتول کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ واقعہ ذاتی چپقلش کا نتیجہ ہے یا کسی اور وجہ سے پیش آیا ہے۔