شہر قائد کے علاقوں کلفٹن اور کورنگی میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں ایف بی آر کے انسپکٹر سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے اوشین شاپنگ مال کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت شمشیر لاشاری ولد غلام لاشاری کے نام سے کی گئی ہے، جو ایف بی آر میں انسپکٹر ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔
پولیس کے مطابق کلفٹن میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑیاں ٹکرانے پر 2 افراد کے درمیان جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے دوران آغا شاہمیر نامی شخص نے فائرنگ کر دی۔
ملزم آغا شاہمیر ریٹائرڈ ایس پی آغا اصغر پٹھان کا بیٹا ہے، جبکہ زخمی افسر اور فائرنگ کرنے والے ملزم دونوں کا آبائی شہر شکارپور بتایا جاتا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے کورنگی کراسنگ اللہ والا ٹاؤن میں رشیدیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 45 سالہ چاچو مل ولد جمن کے نام سے کی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔