نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جاپان اور پرتگال کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر اس اقدام کی حمایت جاری رکھے گا جو کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام میں معاون ہو۔
جاپانی وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور مکالمے و سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا, دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔