بلا کسی لالچ عوامی خدمت ہی کامیابی کا مظہر ہے‘سید فخر جہان

سید فخر جہان کی عوامی سیاست اور عملی جدوجہد نے انہیں عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام دیا ہے‘صوباء یوزیر ایکسائز، ٹیکسیشن
پشاور(نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کے دورہ بونیر کے دوران تحصیل مندنڑ سمیت پی کے 26 اور ضلع کے مختلف دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے زعما، عمائدین، مشران اور پارٹی کارکنان نے اتوار کے روز ان سے ملاقاتیں کیں۔معززین علاقہ نے صوبائی کابینہ میں دوبارہ شمولیت اور وزارت ملنے پر صوبائی وزیر کو دلی مبارکباد پیش کی اور انھیں اپنے عوامی مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے وفود کے جذبہ? محبت، اعتماد اور خلوص پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکی سیاست کا محور عوام ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ بلا کسی لالچ عوامی خدمت ہی کامیابی اور اپنے عوام سے محبت کا مظہر ہے۔ انھوں نے کہا پی کے 26 بونیر کے عوام نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ اپنے ہر عمل سے اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا کو ترقی، شفافیت اور عوامی فلاح کا مثالی صوبہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ بونیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔معززین علاقہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سید فخر جہان کی وزارت دراصل بونیر کے عوام کی عزت و اعتماد کا مظہر ہے۔انھوں نے کہا کہ سید فخر جہان کی عوامی سیاست اور عملی جدوجہد نے انہیں عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام دیا ہے اور ان کی قیادت میں ضلع بونیر کے ترقیاتی امکانات کو ایک نئی سمت ملی ہے۔