وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے،فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج چین کے دورے پرروانہ ہوں گے۔ وزیراعظم کے دورے کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 20 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوں گی۔چین کے صدر شی جن پنگ 2سال بعد کسی عالمی رہنما سے ملاقات کریں گے جو وزیراعظم عمران خان ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ چین سے پاکستان اورچین کے گہرے تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے دورے میں مختلف کاروباری شخصیات اور بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹس پاکستان منتقل ہوں گے۔