پاکستان سے ایران ریلوے ٹریک جلد شروع ہوگا، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سے ایران جلد ریلوے ٹریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان ریلوے کے تحت دی انٹرنیشنل اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی بھی موجود تھے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ٹریک جلد یورپ کی طرف بڑھے گا، کراچی سرکلر ریلوے بنانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا شاگرد ہوں اور 25 برس سے انکے ساتھ کام کررہا ہوں، ریلوے کے 14 اسکولوں، رائل پام اور 7 اسپتالوں کو آؤٹ سورس کررہے ہیں۔ 28 مئی تک ریلوے کو ڈیجیٹلائز کررہے تھے لیکن عالمی حالات کی وجہ سے اب وہ ایک ماہ بعد آپریشنل ہوجائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ روہڑی کراچی سب سے مشکل ٹریک ہے جو 1861 سے 1868 کا ٹریک ہے۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس 480 کلو میٹرٹریک کو 2 ارب ڈالر سے بنانے جارہے ہیں۔ تقریباً 700ارب روپے میں یہ ٹریک مکمل ہوجائے گا۔