Official Website

ماضی کی حکومتوں نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے خزانہ خالی کیا ہے،کامران خان بنگش

239

پشاور(این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے گزشتہ حکومتوں سے ورثے میں ملے سنگین نوعیت کے مسائل پر قابو پاناایک نئی حکومت کے لئے انتہائی مشکل ہوتا ہے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے خزانہ خالی کیا ہوتا ہے، گزشتہ حکومتوں کے حالات عوام کے سامنے ہیں اور عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ ملک کے خیر خواہ اور دشمن کون ہیں، گزشتہ ہر حکومت کے کارندوں نے ملک اور عوام کا پیسہ بے دردی سے لوٹا ہے اور آج ان کا خمیازہ ہم اور عوام بھگت رہے ہیں تاہم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور انشاء للہ بہت جلد ان تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے ہفتے کے روز شاہی باغ پشاور میں لیڈی پارک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شائستہ بانو، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سلیم الرحمان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔مذکورہ لیڈی پارک 83کینال کے رقبے پر بن رہی ہے جس پر 17کروڑ 57لاکھ روپے لاگت آئے گی اور یہ پارک مارچ 2022تک مکمل ہو جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ لیڈی پارک میں پارک ایریا، چلڈرن پلے ایریا، جاکنگ ٹریک، ٹرفنگ آف لان، کینٹین کے علاوہ تقریباً دس ہزار پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارک صرف خواتین کے لئے مختص ہو گی اور اس میں جد ید دور کی تمام تر سہولیات فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عنقریب رنگ روڈ پشاور میں 266کینال کے رقبے پر ایک اور پارک کی افتتاح وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے جس سے پشاور اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو ایک آسان تفریح میسر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن پر عملد رآمد پاکستان ترقیافتہ اور عوام خوشحال ہو ں گے۔کامران بنگش نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے کورونا کے خلاف ہماری مثبت اقدامات کی تعریف کی ہے کہ ان نامساعد حالات میں ہم نے کورونا وباء پر قابو پاکر قوم کو تحفظ فراہم کیا اور انشاء اللہ اسی طرح ڈینگی وباء پر بھی بہت جلد قابو پالیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی انتھک کاوشوں کی بدولت پاکستان اور عوام کو تمام مشکلات سے نکالیں گے اور یہ ہمارا پختہ عزم ہے۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیائے خوردکی فراہمی کے لئے فوڈ کارڈ کا اجراء کر رہی ہے جس سے غریب لوگوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آجائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح بہبود کے لئے چینی، گھی، آٹا اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دے رہی ہے۔کامران بنگش نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے پہلے مرحلے میں 16اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس پر عملد رآمد کے لئے کابینہ میں کا م ہو رہا ہے۔