Official Website

کراچی، ضلع وسطی میں ڈی ایچ او کی جانب سے ویکسینیٹرز میں موٹرسائیکلیں تقسیم

2

کراچی:ضلع وسطی میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام (ای پی آئی) کے تحت ویکسینیٹرز کو کام میں بہتری کے لیے موٹرسائیکلیں فراہم کی گئیں۔ضلع وسطی کراچی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر سعد جمال اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم ضلع وسطی کی زیرنگرانی موٹر بائیکس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پر ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر سعد جمال نے کہا کہ ان آؤٹ ریچ ویکسینیٹرز کو موٹر بائیکس فراہم کی گئی ہیں جن کے پاس فیلڈ سرگرمیوں کے لیے سفری سہولت موجود نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ضلع وسطی میں ویکسینیشن کی آؤٹ ریچ خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی اور ویکسینیٹرز فیلڈ میں جاکر زیادہ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا کر بیماریوں سے محفوظ بناسکیں گے۔ موٹر بائیکس کی تقسیم کی تقریب میں ڈاکٹر خالد بروہی (ڈبلیو ایچ او سندھ)، ڈاکٹر اروہہ انعام (ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پولیو/ای پی آئی)، ڈاکٹر ثمرین (ڈی ایف پی ای پی آئی) اور ناصر خان (ڈی ایس وی سنٹرل) نے شرکت کی۔اس موقع پر ویکسینیٹرز نے ڈی ایچ او اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم ضلع وسطی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ویکسینیشن پروگرام کو مضبوط بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔