
اسلام آباد:چیئرمین اوگرا اور ارکان کی تنخواہوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نے تحریری طور پر چیئرمین اوگرا اور ممبران کی تنخواہوں کی تفصیلات پیش کیں، جس میں بتایا گیا کہ چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ روپے مقرر ہے۔ ممبر آئل اور ممبر فنانس کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر الیاس فضل، اعجاز سڈل اور بریگیڈیئر شہباز ایڈوائزرز کے طور پر تعینات ہیں۔ ایڈوائزرز کا ماہانہ معاوضہ 8 لاکھ روپے مقرر ہے۔ ایڈوائزرز ابتدائی طور پر ایک سالہ کنٹریکٹ پر تعینات ہوتا ہے۔ کنٹریکٹ میں 3 سال تک توسیع کی جا سکتی ہے ۔پیش کی گئی تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ بریگیڈیئر شہباز سکیورٹی ایڈوائزر کا کنٹریکٹ 12 فروری 2025 کو ختم ہوگیا۔ چیئرمین اوگرا کی تنخواہ سے 4 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے۔ ممبر آئل و فنانس کی تنخواہ پر 2 لاکھ 77 ہزار 500 روپے ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے۔ اوگرا نے آرڈیننس 2002 کی سیکشن 14 کے تحت ایڈوائزرز کے عہدے منظور کیے۔