Official Website

کمشنر بنوں کے زیر صدارت محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی اجلاس کا انعقاد

لینڈ کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل سے عوام کے دیرینہ مطالبات پورے ہوجائیں گے،کمشنر بنوں

57

پشاور(این این آئی) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ محکمہ مال ضلع لکی مروت، ضلع بنوں اور شمالی وزیرستان میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل سے عوام کے دیرینہ مطالبات پورے ہوجائیں گے۔جس سے عوام کو زمینوں کے فرد، انتقالات اور نقشہ جات کی فراہمی میں بہت حد تک آسانیاں پیدا ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ قیمتی سرکاری زمین واگذار کرنا اور عوامی مفاد میں استعمال کرنا نہایت آسان ہو جائےگا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی، سیکرٹری ٹو کمشنر ضیاءالرحمن اور اسسٹنٹ ٹو کمشنر ریونیو بنوں ڈویژن موجود تھے۔ کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ محکمہ مال کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور دیگر اہلکارمحکمہ مال کے ریکارڈ درستگی، سرکاری زمینوں سے تجاوزات کی خاتمے کے اہداف کی تکمیل کو ممکن بنائیں۔کمشنر بنوں نے کہا کہ محکمہ مال سے متعلق عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرکے عوام کو ریلیف مہیا کیاجائے۔انہوں نے محکمہ مال کے حکام کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے جو لوگوں کے مقدمات نمٹانے، عوامی مشکلات و شکایات کے حل اور ریوینو کی محصولات کی وصولی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سمیت ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مال کے افسران اور اہلکاروں کو اپنا کام درست طریقے سے کرنے کی مکمل آزادی ہے تاکہ وہ متعلقہ اہداف کے حصول کو آسانی سے پورا کر سکیں اور محکمہ مال کو جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔