
خیبرپختونخوا: بلدیاتی نمائندوں کا مسائل حل نہ ہونے پر ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ
پشاور:خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے حکومت کی جانب سے ایک ماہ گزرنے کھ بعد مسائل حل نہ ہونے پر اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختون خوا کا اہم اجلاس کل منگل کے روز پشاور میں طلب کیا گیا ہے جس میی لوکل کونسلز ایسوسی ایشن ممبران خیبر پختون خوا کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے مقامی حکومتوں کے نمائندے مئیرز، تحصیل ، ویلیج نیبر ہوڈ کونسلز چیئرمین و ممبران شرکت کریں گے۔ترجمان لوکل کونسلز ایسوسیشن تحصیل چیئرمین سرائے نورنگ لکی مروت عزیز اللہ خان مروت، چیئرمین نیبر ہوڈ کونسل 87 شاہین ٹاون و کوارڈینیٹر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن انتظار علی خلیل کے مطابق اس اہم اجلاس میں مقامی حکومتوں کو درپیش مسائل، گزشتہ پشاور میں ہونے والے احتجاج کے دوران حکومتی وزراء کا مذاکرات میں کیے گئے وعدوں، صوبائی و وفاقی حکومت سے ہونے والے رابطوں، وسائل عدم دستیابی، حالیہ کابینہ سے پاس ہونے والے ضم اضلاع کے ویلیج نیبر ہوڈ کونسلز کے لیے سپورٹس کی مد میں سپیشل گرانٹ کی منظوری اور لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختون خوا کی طرف سے صوبائی حکومت کو بار بار پیش ہونے والے چارٹر آف ڈیمانڈ و دیگر اہم پوائنٹس پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران صوبائی حکومت کی طرف سے چار وزراء نے جناح پارک میں اعلان کرتے ہوئے 20 دنوں میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی چونکہ گزشتہ احتجاج کا مہینہ پورا ہوگیا ہے اس لیے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختون خوا کی اعلی سینئر قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بغیر وقت ضائع کیے ایسوسی ایشن کا اجلاس ہونا چاہیے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائےگا۔