Official Website

خیبرپختونخواکابینہ نے خیبرپختونخوا لینڈیوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ2021 کی منظوری دے دی

6 بڑے شہروں کی لینڈ یوزپلاننگ مکمل کر لی گئی ہے ، 20 شہروں کے ماسٹر پلان کی تیاری آخری مراحل میں ہے، کابینہ نے وقف پرا پرٹی کے انتظام و انصرام کیلئے خیبر پختونخوا وقف پراپرٹیز ترمیمی ایکٹ 2021کی بھی منظوری دی،کامران بنگش

408
Banner-970×250

پشاور(کرک ٹائمز نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ نے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم قانون سازی ”خیبرپختونخوا لینڈیوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ2021 کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت کی روشنی میں 6 بڑے شہروں کی لینڈ یوزپلاننگ مکمل کر لی گئی ہے جب کہ 20 شہروں کے ماسٹر پلان کی تیاری آخری مراحل میں ہے اس قانون سازی سے شہری علاقوں کے بے ہنگم پھیلاؤ کو روکنے، شہروں کی خوبصورتی اور زرعی زمینوں کی حفاظت کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ یہ بات وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کابینہ ممبران، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریزنے شرکت کی۔ کامران بنگش نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ویژن اور ان کی خصوصی دلچسپی سے خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس میں میں اراضی کے صحیح استعمال اور شہروں کے لئے منصوبہ بندی اور پلاننگ کے لیے ایک باقاعدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیاجس سے شہر وں کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ زرخیز زرعی زمینوں کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کو بھی روکا جا سکے گا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اربن پلاننگ یقینی بنائی جاسکے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کامران بنگش نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ویلج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل اور دوسرے مرحلے میں تحصیل کونسل کے انتخابات ہوں گے۔کابینہ کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ عنقریب ایک اجلاس میں اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کرے گی جس کا جلد ہی باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا کابینہ نے وقف پرا پرٹی کے انتظام و انصرام کے لیے خیبر پختونخوا وقف پراپرٹیز ترمیمی ایکٹ 2021کی بھی منظوری دی جس سے وقف پراپرٹی کی اونے پونے داموں لیز اور اس کی تو سیع کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ کامران بنگش نے بتایا کہ محکمہ اوقاف نے اب تک صوبے میں چارہزار کنال اوقاف پراپرٹی واگزار کرائی ہے جس سے پانچ ارب روپے سے زائد ریونیو صوبے کو حاصل ہوا ہے وزیر اعلیٰ نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا ہے اور اس ترمیمی ایکٹ کی اسمبلی سے منظوری کے بعد صوبے کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی اورلیز کے تمام مراحل کے لئے ایک شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ کامران بنگش نے کابینہ کے دیگر فیصلوں کے بارے میں مزید بتایا کہ کابینہ نے فاٹا کے لیویز جو کہ محکمہ داخلہ کے 22 مارچ2021کے نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ کر دیے گئے تھے کو ملازمت پر بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ ملازمین اور ان کے خاندان کو ریلیف دیا جاسکے بحال ہونے والے لیویز میں صوبیدار میجر، صوبیدار،نائب صوبیدار، حوالدار، نائیک، لانس نائیک سپاہی اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے خیبر پختونخوا پبلک پراپرٹی (تجاوازات کے خاتمے) کے ترمیمی ایکٹ2021 بھی منظوری دی۔کابینہ نے سرینہ ہوٹل کی لیز میں مزید 30 سال کی توسیع کی اصولی منظوری دی تاہم لیز کے ریٹس کے تعین کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔جو موجودہ لیزہولڈر سے ریٹس کے معاملات طے کرے گی بصورت دیگر کمیٹی کو اختیار دیا کہ وہ دیگر آپشنز بھی طے کر سکتی ہے۔ کابینہ نے چائنہ کے صوبے سیچوان اور خیبر پختونخواہ پولیس کے مابین تعاون کی یاداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔