پاکستان :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے دورہ چین کے دوران جنکو کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور پاکستان میں اپنا مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کی دعوت دی۔اس دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جنکو کی چوتھی بڑی مارکیٹ ہے، جنکو پاکستان میں اپنا مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرے۔مریم نواز نے کہا کہ جنکو سولر کمپنی کی پروفائل بہت متاثر کن ہے، جنکو سولرکمپنی اپنے کارخانوں اور فیکٹریوں سے جدید سوچ اور جدت طرازی کو پروان چڑھایا، جنکو کمپنی کی جدت ناقابل یقین ہے، کمپیوٹر سے ڈیزائن کردہ پینل تصویر جیسا لگتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنکو سولر کمپنی صارفین کو پائیدار متبادل کی فراہمی سمیت ماحول دوست پالیسیوں کو بھی مدنظر رکھتی ہے، پاکستان جنکو سولر کی سرمایہ کاری کےلئے نہایت موزوں ملک ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سولر کے حوالے سے پاکستانی مارکیٹ بہت امید افزا ہے، بہت بڑی مارکیٹ ہے، پاکستان میں سولر توانائی کی طلب دن بدن بڑھ رہی ہے، پنجاب میں ماحول دوست سولر انرجی کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولر انرجی کے نئے منصوبے شروع کیے ہیں، پنجاب میں 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت سولر پینلز فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 200 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بلا سود طویل مدتی قرضے آسان اقساط میں فراہم کریں گے، پنجاب میں سولر منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، تقریباً حتمی مراحل میں ہے، چند ہفتوں میں لانچ کریں گے، پاکستان اورچین کی دوستی لازوال ہے-مریم نواز نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں، لیکن یہ لوہے جیسی مضبوط دوستی ہے، بھائی چارے کا رشتہ ہے، چین نے ہمیشہ مشکل وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستان میں بجلی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں-انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افرادی قوت کی کمی نہیں، 200 ملین سے زائد آبادی کا ملک ہے، پاکستان میں وہ بنیادی سٹرکچر موجود ہے جو کوئی بھی فیکٹری قائم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول موجود ہے اور توانائی کی طلب آے روز بڑھ رہی ہے، پاکستان میں سولر انرجی متبادل کے طور پر مقبول ہو رہا ہے، پاکستان میں عوام بڑی تعداد میں سولر انرجی کی طرف جا رہے ہیں، پاکستان ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹ رہا ہے، سولر انرجی فوسل فیولز پر انحصار کم کرنے میں مدد دیتی ہے، پاکستان میں شمسی توانائی کے وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں۔