Official Website

بلوچستان میں زلزلے سے 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے نے تباہی مچادی جس کے باعث 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

241

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے آنے والے زلزلے نے شدید تباہی مچادی ہے جس کے باعث 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلہ رات 3بج کر 2 منٹ پرآیا جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ کوئٹہ، سبی، چمن، زیارت، قلعہ عبدﷲ، ژوب، لورالائی، پشین، مسلم باغ اور دکی سمیت دیگرعلاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم زلزلے کے باعث سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان ہرنائی میں ہوا جہاں متعدد مکانات تباہ ہوگئے اور سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔بلوچستان میں زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر ہرنائی پہنچ گیا ہے جب کہ ہرنائی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیاگیا ہے۔دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر کا کہنا ہے کہ ہرنائی پہاڑی علاقہ ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں لیویز اور ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زلزلے کے باعث شدید زخمی ہونے والے 9 افراد کو آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ متاثرہ آبادی میں خوراک اور امدادی سامان کی تقسیم سمیت متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کردی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے آئی جی ایف سی بلوچستان بھی ہرنائی پہنچ گئے ہیں اور خود نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم راولپنڈی سے روانہ کردی گئی ہے۔