لاہور:وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا مجھے علم نہیں ہے، مشاورت کے لیے ہماری اور دیگر اتحادی جماعتیں بیٹھیں گی۔ سینیٹر مصدق ملک نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ سینٹر اسٹیج‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی سانحہ کیا ، اور بھی پُر تشدد کام کیے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا مجھے علم نہیں ہے، مشاورت کے لیے ہماری اور دیگر اتحادی جماعتیں بیٹھیں گی اور دیکھیں گی کہ پی ٹی آئی نے کیا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پر تشدد اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، یہ وہی لیڈر شپ ہے جس نے کہا تھا کہ ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، یہ کہہ رہے تھے کہ ہم جیل توڑیں گے، انہوں نے کہا کہ جس جماعت نے 4 رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا ہو اس کی سزا کیا ہو گی ؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا سیاسی جماعت کو مجرمانہ کارروائیاں معاف ہیں؟ کیا گولی مارنے والوں کو چھوڑ دیں ؟ سیاسی جماعت کو مجرمانہ کارروائیوں کی اجازت تو نہیں ہوتی، پھر رٹ آف دی اسٹیٹ کبھی نہ کبھی تو قائم کرنی ہی پڑے گی ناں۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ پولیس کے پاس تو اسلحہ ہوتا ہے لیکن یہ سویلین کے پاس اسلحہ کیسے آ گیا؟ کیا کبھی سنا کہ سویلین نے پولیس والوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صوبائیت پھیلا رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی بات کی تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی اور کہا کہ اگر دہشت گردی کیخلاف آپریشن کیا تو ایسی کی تیسی کر دیں گے۔