Official Website

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی پولیس سمیت تمام اداروں کوسیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت

4
Banner-970×250

پشاور:چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے پولیس سمیت تمام اداروں کو پیشہ ورانہ کوڈ پر عمل درآمد اور سیاسی طور پر غیرجانبدار رہنے اور کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کردی۔ چیف سیکریٹری کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین ہونے کے ناطے یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم بلاخوف وخطر اپنے فرائض کی انجام دہی کریں، سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ہم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے الفاظ کو یاد رکھنا ہوگا،بانی پاکستان کے الفاظ کے مطابق ہم نے سیاست سے لاتعلق اورغیر جانبدار رہتے ہوئے قانون پر عمل درآمد کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوامی مفادات کے محافظ کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور کسی قسم کی سیاست بازی کا حصہ نہ بنیں، ہماری طاقت آئین اور ریاست ہے نہ کہ کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر، تمام سرکاری ملازمین کا فرض بنتا ہے کہ سرکاری وسائل یا اختیارات کا سیاسی دباؤ کے تحت استعمال نہ کریں۔ سرکاری ملازمین کو مزید ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی صورت کسی بھی سیاسی پارٹی کو مدد کی فراہمی یا ان کی معاونت سے گریز کیا جائے، ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد بھی خراب ہوگا اورہماری حیثیت بھی جس پر کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی۔چیف سیکریٹری نے متنبہہ کیا ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم نے اگر اپنے اختیارات یا عہدہ کاغلط استعمال کیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کے احکامات پر صرف اور صرف قانون وآئین کے دائرہ کے اندر رہتے ہوئے ہی عمل کیا جاسکتا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں، سیاست سے بالاتر ہوکر سرکاری ملازمین اپنے فرائض کی انجام دہی کریں تاکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو اور ملازمین کا امیج بھی خراب نہ ہو۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کردار اور عمل سے پاکستان کو اس کے بانی کے خوابوں کی تعبیر کی صورت دینی ہے، یہی ہمارا مشترکہ مشن بھی ہے اورعوامی خدمت کا تقاضا بھی۔