پی ٹی آئی کا 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج رکوانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔جناح سپر ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر اسد عزیز نے رضوان عباسی ایڈوکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے ، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کی سرپرستی میں اسلام آباد کی طرف احتجاج کے لیے آنے کا پروگرام ہے ، احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے قانون سازی بھی ہوئی ، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لا قانونیت کا تاثر ملتا ہے ، سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر ، آئی جی کو احتجاج روکنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔