کراچی:پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیم پیپلزپیرامیڈیکل سندھ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن نیاز احمد خاصخیلی نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی پر کہا ہے کہ عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے خدمت کو چُنا۔نیازاحمد خاصخیلی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی فقید المثال کامیابی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ اہل کراچی پیپلزپارٹی کی عوامی خدمات پر یقین رکھتے ہیں اور خود اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی تعلیم اور صحت، ٹرانسپورٹ سے لے کر ہر شعبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پرعمل کررہی ہے۔ نیاز احمد خاصخیلی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ نومنتخب جیالے امیدوار ذوالفقار علی بھٹواور شہید بے نظیر بھٹو کے افکار پر کاربند رہتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں میں عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔نیاز احمد خاصخیلی نے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو کو پیپلز پارٹی کا پیرامیڈیکل ونگ قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ نثار کھوڑو کی ہدایت پر پورے سندھ میں صوبائی، ضلعی اور تعلقہ کی سطح پر عہدوں کے امیدواروں سے فارم حاصل کرلیے گئے ہیں اور تمام عہدوں پر خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں کی جائیں گی۔