کراچی:اسموگ کے ستائے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، محکمہ موسمیات نے کل شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارشوں کی پیش گوئی کردی جس کے باعث اسموگ میں کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 16 نومبر تک پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ اسی طرح 15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پروفیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے ممکنہ بارشوں سے اسموگ میں کمی کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔