کراچی: پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق قاتل اور مقتولین رشتے دار ہیں اور واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزم اکیلا آیا اور فائرنگ کرکے پیدل ہی فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب پی آئی بی کے علاقے غوثیہ کالونی میں چائے کے ہوٹل کے باہر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق کے بعد لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت 45 سالہ وحید گل ولد حبیب گل اور 40 سالہ نعیم شاہ ولد گلاب شاہ کے نام سے کی گئی ، مقتول وحید گل سی ٹی ڈی میں تعینات تھا،جب کہ نعیم اس کا رشتے دار ہے، دونوں کو ان ہی کے رشتے دار اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں تعینات پولیس اہل کار امجد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق قاتل اور مقتولین کا آبائی تعلق کوہاٹ سے ہے، ان کے درمیان خاندانی جھگڑے چل رہے ہیں اور یہ واقعہ ذاتی رنجش کا ہی شاخسانہ ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہے۔اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ مقتول وحید گل سی ٹی ڈی میں نہیں بلکہ ایس آئی یو (سابقہ سی آئی اے) میں تعینات تھا جب کہ ملزم امجد جمشید کوارٹرز میں اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ میں تعینات ہے اور ایک ماہ سے غائب ہے۔علاوہ ازیں واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں افراد چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے ہیں، ملزم اکیلا آیا اورفائرنگ کرکےانتہائی اطمینان کے ساتھ جائے وقوعہ سے پیدل چلتا ہوا چلا گیا۔