اسلام آباد:190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 342 بیان کے لیے سوال نامہ فراہم کردیا گیا، آئندہ سماعت پر عدالت میں تحریری جواب جمع کروایا جائے گا۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ آج کی سماعت میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا جس میں اس ریفرنس سے متعلق 79 سوالات پوچھے گئے ہیں۔سوال نامہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی موجودگی میں ان کے وکیل سلمان صفدر نے وصول کیا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے 11 نومبر کو 342 کے سوال نامے کے جواب عدالت میں جمع کروائے جائیں گے۔عدالت نے ریفرنس پر مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔