کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو سندھ حکومت کی وجہ سے دیتا ہے لیکن کوئی یہ بات تسلیم نہیں کرتا۔کے سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرنے والا شہر اس لیے ہے کیونکہ حکومت نے تاجروں کو یہاں کاروبار کے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں لیکن اس بات کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ کراچی کے قومی خزانے کےلیے سب سے زیادہ ریوینیو پیدا کرنے کا کریڈٹ نہ صرف تاجروں کو جاتا ہے بلکہ ان کی حکومت کو بھی جاتا ہے جس نے صنعت اور تجارت کےلیے موافق ماحول فراہم کیا۔ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ تاجر برادری کراچی کو ملک کا پرامن اور کاروبار دوست شہر کے طور پر پیش کرے۔ ملاقات میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ضیا الحسن لنجار، جام اکرام دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ودیگر نے شرکت کی۔ کے سی سی آئی کے وفد نے گیس کی کمی، مہنگی بجلی، پانی، خستہ حال انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل اٹھائے۔ اس موقع پر متعلقہ ورزا نے مسائل کے حل کےلیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت پاور ٹیرف کم کرنے کےلیے بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ ان کی صوبائی حکومت بجلی سستی کرنے کےلیے اقدامات کر رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جہاں تک گیس کی کمی کا تعلق ہے تو وہ وفاقی حکومت سے بات کریں گے کہ سندھ سے پیدا ہونے والی گیس سندھ کی صنعتوں کو فراہم کی جائے تاکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈلائن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے تاہم کام کی رفتار کو تیز کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک ایشوز کو حل کیا جاسکے۔شرجیل میمن نے کے سی سی آئی ارکان کو الیکٹرک بسوں اور ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جس میں بہترین منافع ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مراعات بھی دینے کی بھی پشکش کی۔