لاہور: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار بیٹنگ سے شعیب ملک نے سلیکٹرز کو اپنی موجودگی کا احساس دلادیا جب کہ ورلڈکپ اسکواڈ سے ڈراپ آل راؤنڈر نے بحرانی صورتحال میں ناقابل شکست 85رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
پنڈی اسٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،بابر اعظم(12)کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کردیا،محمد اخلاق (7)کو رومان رئیس نے محمد حسنین کی مدد سے چلتا کیا تو شعیب ملک کی ٹاپ آرڈر میں انٹری ہوئی،مشکل صورتحال میں کسی گھبراہٹ کا شکار ہوئے بغیر سینئر بیٹسمین نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا،اس کے بعد اسٹروکس کھیلنا شروع کیے۔
احمد شہزاد(35)ابرار احمد کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے،اسپنر نے قاسم اکرم(8)کو ایل بی ڈبلیو کیا، رومان رئیس نے حسین طلعت(1)کو سرفراز احمد کی مدد سے دھرلیا،ٹیم کی سنچری مکمل ہوتے ہی حسن علی(12)کو ابرار احمد نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کرایا، وہ امپائر کے فیصلے سے مطمئن دکھائی نہ دیے،شعیب ملک نے گیئر تبدیل کرتے ہوئے ففٹی 37گیندوں پر مکمل کی،وہاب ریاض(3)کو رومان رئیس نے خرم منظور کی معاونت سے آؤٹ کیا۔
شعیب ملک نے محمد حسنین کے اوور میں 4چوکوں اور ایک چھکے سمیت 22رنز بٹورے،احسان عادل(0)کو رومان رئیس نے ایل بی ڈبلیو کیا،شعیب ملک 47گیندوں پر 5چھکوں اور 8چوکوں سے مزین 85رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے شاندار بیٹنگ سے سلیکٹرز کو اپنی موجودگی کا احساس دلایا، فارم اور فٹنس بہترین ہونے کے باوجود سینئر آل راؤنڈر کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے پر کرکٹ حلقوں میں پہلے ہی حیرت کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
سینٹرل پنجاب نے 8وکٹ پر 168کا مجموعہ حاصل کیا، رومان رئیس 4اور ابرار احمد 3وکٹیں لے اڑے۔سندھ کی جوابی اننگز میں خرم منظور(14)کو ثمین گل نے بولڈ کیا، شان مسعود(12)کو وہاب ریاض نے وکٹ کیپر کا کیچ بنوایا،شرجیل خان(36)کو قاسم اکرم نے اسٹمپڈ کرایا، اسپنر نے سرفراز احمد(7)کو بابر اعظم کی مدد سے دھرلیا، چوتھی وکٹ 88پر گری،قاسم اکرم نے محمد طحٰہ(8)کو ایل بی ڈبلیو کیا،انور علی(4)کو ثمین گل نے وہاب ریاض کی معاونت سے چلتا کیا، سندھ کا ٹوٹل 14.4اوورز میں 6وکٹ پر 110تھا کہ بارش نے مداخلت کردی،ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر سینٹرل پنجاب کو 12رنز سے فاتح قرار دیا گیا، سعود شکیل 14پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پہلے میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،خیبرپختونخوا کے اوپنر اسراراللہ(19)کو عماد بٹ نے حارث سہیل کا کیچ بنوایا، محمد رضوان 40رنزکی اننگز کھیل کر کاشف بھٹی اور عماد بٹ کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 80تھا، اسپنر نے آصف آفریدی(16)کو عمید آصف کی مدد سے دھرلیا، افتخار احمد نے 18گیندوں پر 36رنز بنائے، خرم شہزاد نے انھیں سہیل اختر کی معاونت سے رخصتکیا،صاحبزادہ فرحان(43)جنید خان کی گیند پر عماد بٹ کو کیچ دے بیٹھے،عادل امین26اور مصدق احمد17پر ناٹ آؤٹ رہے،خیبر پختونخوا نے 5وکٹ پر 202کا مجموعہ حاصل کیا،کاشف بھٹی نے 2شکار کیے۔
جواب میں بلوچستان کے اوپنر عبدل بنگلزئی(4)کو شاہین شاہ آفریدی نے صاحبزادہ فرحان کا کیچ بنوا دیا، پیسر نے بسم اللہ خان(5)کو بھی بولڈ کردیا، حارث سہیل17رنزکی مزاحمت کرنے کے بعد ارشد اقبال کی گیند پر آصف آفریدی کو زحمت دیتے ہوئے رخصت ہوئے، عبداللہ شفیق(24)کا آصف آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا،محمد محسن(3)رن آؤٹ ہوئے،عماد بٹ(1)کو آصف آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کیا،اسپنر نے کاشف بھٹی(8) کو اسٹمپڈ کرا دیا، صرف 83رنز کے سفر میں 7وکٹیں گرنے کے بعد سہیل اختر نے سنبھالا دیتے ہوئے جارحانہ ففٹی مکمل کرلی،عمید آصف17 رنز بناکر ساتھ چھوڑ گئے،ارشد اقبال نے ان کو مصدق احمد کی مدد سے جکڑ لیا،اسی اوور میں خرم شہزاد(1)نے صاحبزادہ فرحان کو کیچ دیا۔
خیبر پختونخوا کی کوشش 9وکٹ پر 147تک محدود رہی،اننگزمیں 5چھکے جڑنے والے سہیل اختر 61اور جنید خان ایک پر ناٹ آؤٹ رہے۔ارشد اقبال اور آصف آفریدی نے 3،3جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2شکار کیے۔