کراچی:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی سامان کی 13 ویں کھیپ روانہ کردی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، بھیجے گئے سامان میں 100 ٹن موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ائیرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں رکن پارلیمنٹ بیرسٹر عقیل ملک، پاکستان میں فلسطین کے سفیر زہیر ایم ایچ درزید، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے نمائندے موجود تھے۔ تقریب کے دوران حاضرین نے فلسطین اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری امداد فراہم کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیر متزلزل حمایت اور فراخدلی سے انسانی امداد کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں یکجہتی امید کی کرن اور ہماری اقوام کے درمیان پائیدار بندھن کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی طرف سے انسانی امداد صرف ضروری سامان کی لائف لائن نہیں ہے بلکہ ہمدردی اور اتحاد کا ایک طاقتور پیغام ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک پاکستان نے غزہ اور لبنان کے لیے 1281 ٹن امدادی اشیاء پر مشتمل کل 12 کھیپیں روانہ کی ہیں، ان میں سے 10 کھیپیں (1,151 ٹن) غزہ بھیجی گئیں جبکہ دو امدادی کھیپیں (130 ٹن) لبنان بھیجی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جنگ زدہ علاقے سے 71 پاکستانی شہریوں کا محفوظ انخلاء کیا گیا، حکومت پاکستان نے "وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی قائم کیا ہے، اس فنڈ کا مقصد غزہ اور لبنان کے لیے عوامی عطیات جمع کرنا ہے۔