وفاق اور پنجاب کے جعلی حکمران علی گنڈاپور سے عوامی مسائل حل کرنا سیکھیں، بیرسٹر سیف
پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کے جعلی حکمران علی گنڈاپور سے عوامی مسائل حل کرنا سیکھیں، بیرسٹر سیف انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مخلص قیادت میں جمرود جرگہ بطریق احسن منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے سیاسی اتفاق رائے قائم کیا جب کہ وفاقی حکومت نے انتشار پھیلایا۔ وزیراعلیٰ نے حقیقی لیڈر کا کردار نبھاکر صوبے اور ملک کو ایک بحرانی کیفیت سے نکالا۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جمرود جرگے کے پر امن انعقاد پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایک مخلص لیڈر کی طرح علی امین نے اپنے مخالفین کو بھی ساتھ بٹھایا۔ عوامی نمائندے ہی عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 والی حکومت کے پاس نہ سیاسی بصیرت ہے، نہ مسائل حل کرنے کی اہلیت۔ موجودہ وفاقی حکومت محاذ آرائی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، مسائل کے حل کی نیت نہیں۔ پاکستانی عوام کی حقیقی قیادت جعلی مقدمات میں سلاخوں کے پیچھے ہے۔انہوں نے کہا کہ جو وفاقی وزیر وزیراعلیٰ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے تھے، وزیر اعلیٰ نے انہی کے ذریعے جرگے کا مسئلہ حل کرایا۔ شریف خاندان نے ماڈل ٹاؤن کے ایک چھوٹے سے مسئلے میں حاملہ خواتین تک کی جانیں لی تھیں۔ پنجاب میں پرامن احتجاج پر لاٹھیاں اور گولیاں برسانا معمول بن چکا ہے۔ فارم 47 کے لیڈرز گولی اور لاٹھی سے مسائل کو مزید گھمبیر بنانے کے ماہر ہیں۔وفاق اور پنجاب کے جعلی حکمران علی امین گنڈا پور سے عوامی مسائل کا حل نکالنا سیکھیں۔