اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے سلسلے میں وفاق دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے ریڈ زون جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق میں پارک روڈ کو بنی گالہ کے مقام پر اور راول ڈیم چوک کو کلب روڈ سے بند کیا گیا ہے۔اسی طرح، فیصل ایونیو کو فیض آباد انٹر چینج کے مقام پر، آئی جے پی روڈ سے آئی ایٹ جانے والے، کشمیر ہائی وے پر کنونشن سینٹر جانے والے اور بارہ کہو سے مری روڈ جانے والے راستے بند کیے گئے ہیں۔وفاق دارالحکومت میں 14 سے 16 اکتوبر تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رکھا گیا ہے جبکہ مقامی سطح پر عام تعطیل بھی دی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی۔ادھر، اسلام آباد پولیس صدر زون کے تھانہ سمبل کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیے گئے۔ ایس پی صدر زون کی سپرویژن میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا جبکہ لیڈی پولیس فورس نے بھی حصہ لیا۔آپریشن سے قبل ایس پی صدر زون نے نفری کو آپریشن کے متعلق بریفنگ دی۔ سرچ آپریشن کے دوران 190مشکوک افراد، 140 گھرانے، دکانوں، سرائے، ہوٹلز اور موٹلز کو چیک کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دوران 86موٹر سائیکل اور 30گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔ دوران سرچ آپریشن 30 مشتبہ افراد کو تھانہ منتقل کیا گیا اور 10 افراد کے خلاف انسدادی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سرچ آپریشن کا مقصد علاقہ میں جرائم کا سدباب کرنا ہے۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے شروع ہوگا جس میں چین، روس، ترکمانستان اور تاجکستان کے وزیر اعظم جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سمیت کانفرنس میں سات ممالک کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔