راولپنڈی: بحریہ عرب میں پاک اور امریکی بحریہ کی مشترکہ مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بحری مشق میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر جبکہ امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس اوکین نے شرکت کی۔ مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔مشق میں شریک امریکی بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب سے بھی ملاقات کی۔ یہ بحری مشقیں علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کی مظہر ہیں۔امریکی بحریہ کے جہاز کا دورہ بالعموم دونوں ممالک کے کثیر المدتی دو طرفہ تعلقات اور بالخصوص بحری تعاون کا عکاس ہے.پاک بحریہ خطے میں ہر طرح کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے۔