کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتہ ہے اے پی ایس کے بچوں کے قاتلوں کا کیس الگ ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے، مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی، پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں جامع حکومت ہو، افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرا خارجہ رابطے میں ہیں۔ ہم بھارت سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات کے لئے تیار ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ہمارے ملک آئے تو بسم اللہ، نہ آئے تو اسلام علیکم، افغان صورت حال پر امریکی صدر کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے، امریکی عوام افغانستان کی صورتحال سے بے خبر ہیں، بائیڈن خود اپنے لوگوں کو جواب دیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کی تقرری کا فیصلہ ہوجائے گا، عمران خان کو مہنگائی کی فکر ہے، (ن) لیگ کنویں کی مینڈک ہے، پیپلزپارٹی سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھی ہوئی ہے۔