کرک(نمائندہ خصوصی)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کے ساتھ کئی کالجوں کا بی ایس پروگرامز کے لئے الحاق خو شحال خان خٹک یونیورسٹی (KKKU) کرک نے بدھ کے روز اپنے الحاق کمیٹی کا ساتواں اجلاس طلب کیا تاکہ مختلف کالجوں سے الحاق کی درخواستوں پر غور کیا جا سکے۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین نے کی اور کمیٹی کے ممبران میں رجسٹرار ڈاکٹر غنی الرحمان، ڈاکٹر فضل ہادی ڈائریکٹر کالجز، ڈاکٹر عمر علی خان ڈی جی کامرس کے پی، ڈاکٹر فصیح الرحمان ڈائریکٹر اکاڈمکس اینڈ ریسرچ، ڈاکٹر عبدالحکیم شاہ، ڈاکٹر شاد محمد، محمد رحیم، ڈاکٹر محمد انور، مختار احمد اور صاحبزادہ شامل تھے۔اجلاس کا بنیادی ایجنڈا جی پی جی سی کرک، جی ڈی سی لتمبر، جی ڈی سی احمد آباد اور جی جی ڈی سی صابر آباد کے مختلف بی ایس پروگراموں کے لیے الحاق پر فیصلے کرنے تھے۔ کالجوں کے تعلیمی معیار، انفرا اسٹرکچر اور فیکلٹی کی قابلیت کا جائزہ لینے اور غور و خوض کے بعد، الحاق کمیٹی نے ان اداروں کو مخصوص بی ایس پروگراموں کے لیے الحاق دے دیا۔یہ قدم طلباء کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے لئے زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرے گی۔ الحاق شدہ کالجز اب یونیورسٹی کے بی ایس پروگرام پیش کرنے کے قابل ہو جائیں گے، اور وہ یونیورسٹی کے وسائل، ایکسپرٹیز اور تعلیمی معیار سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وائس چانسلر نے الحاق کمیٹی کے فیصلے پر اپنی اطمینان کا اظہار کیا، یونیورسٹی کی تعلیم تک رسائی کو وسیع کرنے اور تعلیمی امتیاز کو فروغ دینے کے عہد پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ضروری ہے کہ الحاق شدہ کالجز کے نئے پروگرامز یونیورسٹی کے مقرر کردہ معیار پر پورا اتریں۔