Official Website

وزیراعلی کے رویے کی وجہ سے پارٹی محدود ہوکر رہ گئی ہے : میر عبدالقدوس بزنجو

190

کوئٹہ:اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تین سال سے وزیراعلیٰ جام کمال خان میرے حلقے میں مسلسل مداخلت کر رہے ہیں، میں پارٹی کے مفاد میں خاموش رہا مگر اسے میری مجبوری سمجھا گیا وزیراعلی کے رویے کی وجہ سے پارٹی محدود ہوکر رہ گئی ہے ،پارٹی ہم سب کی ہے وزیراعلیٰ اگر اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے ،یہ بات انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہی، اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تین سال قبل حکومت گر ا کر بلوچستان عوامی پارٹی اس لئے بنائی تھی کہ بلوچستان کے لئے کام کریں اور عوام کی محرومیاں دور کریں ہم نے ملکر وزیراعلیٰ جام کمال خان کو اس لئے پارٹی صدر بنایا تھا کہ وہ چیزوں کو بہتر بنائیں گے مگر پارٹی کو اندورنی طور پر نقصانات بہت زیادہ ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بجائے اس کے اپنے اندر تبدیلی لاتے انہوں نے مجھے اپنا مخالف تصور کیا میں انکا مخالف نہیں تھا ہم پارٹی کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لئے پارٹی کو فعال بنانے کے لئے کام کرتے تھے لیکن تین سال سے مسلسل میرے حلقے میں مداخلت ہورہی ہے اور مجھے سیاسی نقصانات دینے کی کوشش کی گئی تین سال میں میرے حلقے کا حق تھا کہ وہاں زیادہ سے زیادہ فنڈ ز ملتے مگر میرے علاقے کو یکسر نظر انداز کیاگیا میں خاموش اس لئے رہا کہ پارٹی کو نقصان نہ پہنچے اور بار ہاکہا کہ وزیراعلیٰ اپنے اندر تبدیلی لائیں لیکن پارٹی میں سینئر ساتھیوں کے تحفظات بڑھتے رہے میری پارٹی کے لئے خاموشی کو میری کمزوری سمجھا گیا وزیراعلیٰ کے رویے سے سارے دوست نالاں ہیں میرا استحقاق مجروح ہورہا ہے حلقے کے لوگ تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اگر پارٹی کا بانی رکن ہونے کے باوجود اپنی جماعت کی حکومت میں رہتے ہوئے مسائل حل نہیں کرسکتا تو یہ ہمارے لئے نقصان دہ ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے اندر تبدیلی اور بہتر لانے کی بجائے پارٹی کے اندر انتقامی کاروائیاں کیں بجائے پارٹی فعال کرنے کے اپنی ہی جماعت کے با نی ارکان کو نقصان دینے کی کوشش کی تاکہ کوئی انکے خلاف نہ بولے لیکن پارٹی ہم سب کی ہے وزیراعلیٰ اگر اپنے روئیے میں تبدیلی نہیں لاتے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے