اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج اور امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہر اقتدار کا فضائی دورہ کیا۔وزیر داخلہ نے مختلف علاقوں کا فضائی معائنہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات سمیت اسلام آباد کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔وزیر داخلہ نے شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔