اولاد اپنے والدین کی دوسری شادی کیخلاف ہوتی ہے، جویریہ عباسی
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ جویریہ عباسی نے والدین کے دوسری شادی کے فیصلے پر بچوں کی ناراضگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔جویریہ عباسی نے رواں سال 15 مارچ کو ایک نجی تقریب میں عدیل حیدر نامی بزنس مین سے دوسری شادی کی تھی، اداکارہ نے چند ماہ تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا اور پھر ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا تھا۔اداکارہ نے دوسری شادی کے اعلان کے بعد اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر عدیل حیدر اور اپنے نکاح کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔اب حال ہی میں جویریہ عباسی نے اپنے دوسرے شوہر کے ہمراہ نجی شوبز میگزین کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے دوسری شادی سے متعلق گفتگو کی۔جویریہ عباسی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ اگر میاں بیوی میں سے کسی ایک کا انتقال ہوگیا اور پھر اگر وہ مرد یا عورت دوسری شادی کرنا چاہے تو اُن کے بچے راضی نہیں ہوتے۔اداکارہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اولاد کبھی بھی یہ نہیں کہتی کہ ہماری ماں یا باپ تنہا ہے، تو ان کی دوسری شادی کرا دی جائے بلکہ وہ تو دوسری شادی کی بات پر اپنے والدین سے غصہ ہوجاتے ہیں۔