لاہور: موٹروے بھیرہ انٹر چینج کے قریب کار میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی ہلاکت کی تفصیلات سامنے آگئیں۔پولیس کے مطابق فرانزک رپورٹ میں ہلاکت کی وجوہات کا تعین کر لیا گیا ہے، چاروں افراد کی ہلاکت کاربن مونو آکسائیڈ سے ہوئی۔فرانزک رپورٹ کے مطابق کاربن مونو آکسائیڈ گیس کار میں جمع ہونے سے سوار افراد کا سانس بند ہوا، جاں بحق افراد کے خون کے سیمپلز میں کاربن مونو آکسائیڈ پائی گئی۔ فرانزک ٹیسٹ کے دوران کسی دوسری نشہ آور مادے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دو خواتین سمیت چار افراد کی ہلاکت کا واقعہ 23 اگست کو پیش آیا، تین افراد کے جسمانی اعضاء اور خون کے سیمپلز 24 اگست کو فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے۔پولیس کے مطابق امکان ہے کہ گاڑی کے ایگزاسٹ پائپ سے گیس لیک ہو کر گاڑی میں جمع ہوتی رہی، گاڑی کے اے سی سے بھی گیس جمع ہونے کا امکان موجود ہے۔