مراد سعید پر اسلام آباد میں آٹھ مقدمات درج ہیں، پشاور ہائیکورٹ میں جواب
پشاور ہائی کورٹ میں مراد سعید پر درج مقدمات کی تفصیلات پیش کردی گئیں، محکمہ داخلہ کے پی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مراد سعید پر بارہ مقدمات درج ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر مراد سعید پر ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے لیے والد کی دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کے روبرو سماعت ہوئی۔وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا کہ مراد سعید سابق وفاقی وزیر ہیں ان کے خلاف مقدمات کی تفصیل فراہمی کے لئے ان کے والد نے درخواست دائر کی ہے، مراد سعید کے خلاف جتنے مقدمات ہیں ان کی تفصیل فراہم کیا جائے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب داخل کیا کہ مراد سعید کے خلاف صوبائی حکومت کا کوئی کیس نہیں ہے۔ اسی طرح لیگل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے جواب جمع کرایا کہ ایف آئی کا بھی کوئی کیس نہیں ہے جب کہ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مراد سعید کے خلاف 8 مقدمات درج ہیں۔عدالت نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت نے جواب جمع کیا ہے اب آپ پنجاب، سندھ اور بلوچستان حکومت سے مقدمات تفصیل کے لیے متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔ بعدازاں عدالت نے درخواست نمٹادی۔