کرک(ملک امین خٹک) ڈپٹی کمشنر کرک نے کہا ہے کہ کار سرکار میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی، اپنے دفاتر کے دروازے عوام الناس کیلئے کھلے رکھیں، ریونیو کورٹ کیسز، انتقالات کو جلد از جلد نمٹا ئیں تاکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر انصاف میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ماہانہ ریونیو اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان کی زیر صدارت ریونیو ریویو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرک، اسسٹنٹ کمشنران، تحصیلداران و دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریونیو کورٹ کیسز، لینڈ ٹیکس ریکوری، زیر التواء انتقالات اور سروس ڈیلیوری سنٹر کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو کورٹ کیسز کو جلد از جلد انصاف کی بنیاد پر نمٹائیں،اور سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور دیانت داری سے کام لیں۔ سرکاری ریٹس کو پٹوار خانہ ودیگر متعلقہ دفاتر پر اویزاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور کورٹ کیسز کو جلد از جلد انصاف کی بنیادوں پر نمٹانے کی کوشش کریں، تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو۔