کرک(چیف رپورٹر) ٹی ایم اے کرک کا میٹھا خیل بازار میں عارضی تجاوزات کے خلاف آپریشن،ٹریفک جام کا باعث بننے والے تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹادئے گئے،تاجروں اور عوام کا بھرپور خیر مقدم،ٹی ایم اے انتظامیہ نے نیازی سٹاپ کلوٹ میں این او سی نہ رکھنے والے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو بھی بند کروادیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کرک کے ٹی ایم او ماجد خٹک نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(بی سی اے)اور انٹی انکروچمنٹ سٹاف کے ہمراہ میٹھا خیل بازار میں عارضی تجاوزات کے خلاف ایسکی ویٹر کے ذریعے آپریشن کیا اور بازار کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے تھڑے،عارضی تعمیرات مسمار کروا دئے جس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں اور مکینوں نے اس کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے،واضح رہے کہ ٹی ایم اے عملہ پہلی بار نئے وردیوں میں ملبوس نظر آئے،دریں اثناء ٹی ایم او کرک نے بی سی اے اور انٹی انکروچمنٹ سٹاف کے ہمراہ ایک اور کارروائی کرتے ہوئے نیازی سٹاپ کلوٹ کے مقام پر ”اشرفیہ ٹاؤن”کو این او سی نہ ہونے پر بند کروادیا اور عوام کو ہدایت کی گئی کہ وہ مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں تعمیرات سے گریز کریں،میٹھا خیل بازار آپریشن اور ہاؤسنگ سوسائٹی کی بندش کے حوالے سے ٹی ایم او کرک ماجد خان نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ میٹھا خیل بازار میں عارضی تجاوزات کی وجہ سے یہاں ٹریفک جام معمول بن چکا تھا جس سے شہریوں سمیت گاڑیوں کو بازار سے گذرنے میں گھنٹوں لگ جاتے تھے اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ سرکاری حدود (سڑک)کے دونوں اطراف پر ریڑھی بانوں کا مکمل قبضہ تھا ان کے ناجائز قبضوں کا خاتمہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی یقینی ہو جائیگی انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ سوسائٹی کے اونر کو اس سے قبل کئی بار نوٹسز بھجوائے جاچکے ہیں لیکن انہوں نے این او سی حاصل نہیں کی ان کا مزید کہنا تھا کہ سوسائٹی کے مالک تمام قواعد و ضوابط پورا کریگا تو ان کو این او سی جاری ہوگی تب تک یہ سوسائٹی غیر قانونی ہے اس عوام یہاں پلاٹ خریدنے سے اجتناب کریں۔