نیویارک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، مخصوص نشستوں کے معاملے پر آئینی و قانونی سوالات کا جواب آنا ضروری ہے۔نیویارک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خطوط لکھے، جس میں کہا گیا کہ ایسی سیاسی جماعت کو نشستیں کس طرح دی جاسکتی ہیں جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں، آئین کے مطابق آزاد امیدوار نے تین دن میں کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں پی ٹی آئی دعویدار نہیں تھی کیونکہ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں تھا، حلف نامے دینے والے پارٹی تبدیل نہیں کر سکتے، ایک فریق جس نے درخواست ہی نہیں دی اُسے ریلیف کیسے دیا جاسکتا ہے؟، اس معاملے پر ابھی آئینی و قانونی سوالات کا جواب آنا ضروری ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی بالادستی کے لئے اسپیکر کے کردار کی ستائش کرتے ہیں، اسپیکر نے فلور کراسنگ کے بارے میں سوال اٹھایا ہے۔