اسلام آباد: سپریم كورٹ میں قومی اسمبلی كے حلقہ این اے 97 نظرثانی درخواست پر مختصر سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے معاملہ دو رکنی بینچ کو بھیج دیا۔چیف جسٹس پاكستان قاضی فائز عیسی كی سربراہی میں تین ركنی بینچ نے حلقہ این اے 97 نظر ثانی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس پاكستان قاضی فائز عیسی نے كہا كیس پہلے دو ركنی بنچ نے سنا تھا، ہم اسی بنچ كے سامنے نظرثانی درخواست سماعت كیلئے مقرر كر دیتے ہیں جس نے پہلے كیس سنا تھا۔انہوں نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیس کو کب تک دوبارہ سماعت کیلیے مقرر کیا جائے؟وكیل درخواست گزار شہزاد شوكت نے كہا جمعہ كو كیس دوبارہ لگا دیں۔ عدالت نے این اے 97 سے علی گوہر كی نظرثانی درخواست جمعہ كو سماعت كیلئے مقرر كرنے كی ہدایت كردی۔اس سے قبل جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو ركنی بنچ نے مركزی كیس سنا تھا۔