اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر جسٹس منصور علی شاہ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا تو لانگ مارچ ہونا چاہیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وکلا اس وقت پاکستان میں متحد ہیں لہٰذا آئینی ترمیم کو نہیں آنا چاہیے، یہ جو کوشش ہے ترمیم لانے کی یہ خوفناک کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی سب سے اہم بات یہ ہے کہ آئینی ترمیم کو روکا جائے، وکلا اس وقت پاکستان میں اس بات پر متحد ہیں کہ آئینی ترمیم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت عمران خان سب سے زیادہ مقبول ہیں اور ان کی مقبولیت پر کوئی سوال نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلاء کی نمائندگی بالکل بھی نہیں ہو رہی جبکہ اسمبلی فارم 47 کی پیداوار ہے اور یہ اسمبلی عوام کی نمائندگی بالکل بھی نہیں کر رہی۔